ٹیسٹ سیریز:شاداب خان ان فٹ،اسد شفیق اور شعیب ملک کیلئے نائب کپتانی
لاہور:پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے مڈ ل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق کو ٹیسٹ اور سابق کپتان و آل راونڈر شعیب ملک کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا نائب کپتان بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی کی منظوری کے بعد اعلان کر دیا جائے گا۔ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں ایک عرصہ سے نائب کپتان نہیں ، چند ہفتے قبل اسد شفیق کو پاکستان ٹیم کا کپتان بنانے کی تجویز سامنے آئی جس کے بعد انہیں آسٹریلیا کے خلاف چار روزہ میچ کیلئے پاکستان اے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا۔ اسد شفیق کو ٹیسٹ ٹیم کیلئے اور شعیب ملک کو مختصر فارمیٹس میں نائب کپتان مقرر کرنے پر بھی اتفاق ہو گیا ہے۔چیئرمین احسان مانی کی منظوری کے بعد باضابطہ اعلان کر دیا جائے گامگراس وقت بھی اسد شفیق غیر اعلانیہ نائب کپتان ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کپتان سرفراز احمد کسی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی یا ون ڈے کیلئے دستیاب نہ ہوئے تو سینئر کھلاڑی شعیب ملک کو عارضی طور ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم سیریز شرو ع ہونے سے پہلے ہی فٹنس مسائل سے دوچار ہے ۔ لیگ اسپنر شاداب خان ان فٹ ہو گئے ہیں۔ سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کرنے سے پہلے کسی نے شاداب خان کی فٹنس کو دیکھنے کی زحمت نہیں کی۔گزشتہ سال فٹنس کی وجہ سے عمر اکمل کو آئی سی سی چیمپنیئز ٹرافی کی ٹیم سے ڈراپ کرکے انگلینڈ سے وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔ اطلاعات ہیں کہ شاداب خان ان فٹ ہونے کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے۔لیگ اسپنرکو آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے لیکن ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان گروئن انجری سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوسکے۔ ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں آف اسپنر بلال آصف اپنے کیریئر کا آغاز کریں گے اور یاسر شاہ بھی ان کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔2اسپنرز کے ساتھ پاکستانی ٹیم انتظامیہ 2 فاسٹ بولرز میر حمزہ اور محمد عباس کو کھلانے پر غور کررہی ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایک دن کے آرام کے بعد جمعہ کی دوپہر آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس کی۔ آسٹریلوی ٹیم میں شامل طویل قامت فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی شمولیت کے پیش نظر پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے بولنگ مشین کے ذریعے اونچائی سے اپنے بیٹسمینوں کے لئے خاص پریکٹس سیشن کا اہتمام کیا۔پہلے ٹیسٹ کیلئے پاکستان کے ممکنہ گیارہ کھلاڑیوں میں امام الحق، محمد حفیظ، اظہر علی، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، سرفراز احمد، بلال آصف، محمد عباس، یاسر شاہ اور وہاب ریاض یا میر حمزہ شامل ہوں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں