دنیا کا پہلا پانچ کیمروں والا اسمارٹ فون لانچ
ایل جی کمپنی نے کیمروں کے دوڑ میں دیگر تمام اسمارٹ فون کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور دنیا کا پہلا پانچ کیمروں پر مشتمل اسمارٹ فون متعارف کرا دیا ہے۔ اس فون کو نیویارک میں ایک تقریب کے دوران متعارف کرایا گیا ہے۔ اسمارٹ فون کا نام وی 40 ہے اور اس کی پشت پر 3 جبکہ فرنٹ پر 2 کیمرے دیے گئے ہیں۔اسمارٹ فون میں 6.4 انچ بیزل لیس ڈسپلے دیا گیا ہے۔ نوچ کو بھی ڈسپلے کا حصہ بنایا گیا ہے۔ فون میں اسنیپ ڈریگن 845 پروسیسر ، 6 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج دیا گیا ہے۔ اسٹوریج کو ایس ڈی کارڈ کی مدد سے 2 ٹی بی تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ اگر فون کے کیمروں پر تفصیلی نظر ڈالی جائے تو پشت پر 12 میگا پکسل کا اسٹینڈرڈ لینس ، 16 میگا پکسل کا وائیڈ اینگل لینس اور 12 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو کیمرہ دیا گیا ہے۔ فون کے فرنٹ پر 8 میگاپکسل اور 5 میگا پکسل کے کیمرے شامل ہیں۔یہ اسمارٹ فون واٹر ریزسٹنٹ بھی ہے اور کمپنی کے دعوے کے مطابق ایک میٹر پانی میں آدھا گھنٹہ رہنے سے بھی اسے فرق نہیں پڑے گا۔ اسمارٹ فون کی بیٹری 3300 ملی ایمپیئر آورز کی ہے۔ فون کی ابتدائی قیمت 900 ڈالر ہے اور اسے اکتوبر کے وسط میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔