دبئی ٹیسٹ: پاکستان کے 3/ 255 رنز،حفیظ کی سنچری
دبئی: آسٹریلیا کے ساتھ دبئی میں کھیلی جانیوالی 2ٹیسٹ کی سیریز کے پہلے میچ کے پہلے دن پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنا لئے۔پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے اوپنر محمد حفیظ اور امام الحق نے انتہائی پراعتماد انداز میں اننگزکا آغاز کیا اور دونوںنے 205 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد امام الحق 76 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ناتھن لیون کی تھوڑی سی باہر نکلتی ہوئی گیند ان کے بیٹ کو چھو کروکٹ کیپر کپتان ٹم پائین کے ہاتھوں میں پہنچ گئی۔ محمد حفیظ نے شاندار کھیل پیش کیا اور سنچری مکمل کی وہ 126 رنز بناکرپیٹر سڈل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے گئے، تیسرے آوٹ ہونے والے بیٹسمین اظہر علی تھے جو 18 رنز پر ہالینڈ کی گیند پرمچل اسٹارک کو کیچ تھما بیٹھے۔پہلے دن کے 90اوورز مکمل ہونے پر جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنالئے تھے، حارث سہیل 15 اور نائٹ واچ مین محمد عباس ایک رن بنا کر وکٹ پر موجود تھے ۔آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون، پیٹرسڈل اور ہالینڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔دبئی ٹیسٹ میں شعیب ملک کے شہر سیالکوٹ سے بلال آصف نے 33سال کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔ اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ 2014 میں کھیلا گیا تھا جس میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو 221 رنز سے شکست دی تھی۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں