کانپور۔۔۔۔کانپور شہر کے سب سے بڑے ہیلٹ اسپتال کے آپریشن تھیٹر(او ٹی) میں چوہوں نے ڈاکٹروں کا جینا محال کررکھا ہے۔ آپریشن کے دوران متعدد بار چوہوں نے بجلی کا تار کاٹ دیا جس سے مریضوں کی جان خطرے میں پڑ گئی۔اس ناگہانی آفت اور مشکلات سے نجات پانے کیلئے شعبہ جراحت کو اسپتال کی پہلی منزل پر منتقل کیا گیا مگر چوہوں کی فوج وہاں بھی پہنچ گئی۔ ڈاکٹروں اور عملے کے ارکان نے اسپتال انتظامیہ سے چوہوں کی موجودگی اور ان سے لاحق ہونیوالے خطرات سے آگاہ کیالیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔مجبوراً ڈاکٹروں نے چندہ کرکے 50ہزار روپے اکٹھا کر کے چوہے مار کمپنی کو ٹھیکہ دیدیا ۔واضح ہو کہ ہیلٹ اسپتال کے اوٹی میں چوہوں کی دھما چوکڑی اور کاکروچوں کے جھنڈ نظر آتے ہیں۔ڈاکٹروں نے بتایا کہ چیف سیکریٹری اور وزیر تعلیم کو آپریشن تھیٹر کا دورہ کرایا گیا مگر کوئی تبدیلی اور کارروائی نہیں کی گئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ چوہوں سے لیپٹواسپائروسس نامی بیماری پھیلنے کا خدشہ رہتا ہے۔ یہ بیماری چوہوں کے پیشاب سے پھیلتی ہے۔ ان کے جراثیم ہوا میں گردش کرتے ہیں جس سے مریض کو شدید بخار ، ہاتھ پاؤں میں درد کی شکایت پیدا ہوجاتی ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -دبنگوں نےکسان کو گھوڑی سے باندھ کر گھسیٹا
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں