غازی آباد۔۔۔۔دہلی سے ملحق غازی آباد کے علاقے مسوری میں ملنے والی نعش کی گتھی پولیس نے سلجھا لی۔ اس واقعہ میں ملوث شعیب نامی نوجوان سمیت 3ملزمان گرفتار کئے گئے۔پولیس نے بتایا کہ شعیب نے اپنے دوست عابد کو دیگر ساتھیوں کی مدد سے اغوا کرلیا اور اس کے گھروالوں سے تاوان کا مطالبہ کیا تھاتاہم تاوان کی رقم نہ ملنے پر اسے قتل کرکے غازی آباد کے نہال گاؤں کے جنگل میں پھینک دیا۔ ایس ایس ویبھو کرشن نے بتایا کہ متوفی کے بھائی اسماعیل نے اپنے بھائی عابد کی گمشدگی کی رپورٹ 8ستمبر کو پولیس اسٹیشن میں درج کرائی تھی۔ جس کی تلاش جاری تھی۔ اغوا کاروں نے اہل خانہ سے 5لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا ۔ تاوان ادا نہ کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اسی خوف سے عابد کے گھروالوں نے پولیس سے شکایت نہیں کی ۔تینوں ملزمان کیخلاف اغوابرائے تاوان اور قتل کے مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی۔