لوہا فیکٹری میں دھماکہ ،8 افراد ہلاک ،14سے زائد زخمی
نئی دہلی۔۔۔۔چھتیس گڑھ کے اسٹیل پلانٹ میں زوردار دھماکہ ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری شعلوں کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 14 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق شہر بھیلائی میں لوہا سازفیکٹری میں زوردار دھماکا ہوا جس سے پورے علاقے میں افراتفری پھیل گئی ۔اطلاع ملتے ہی پولیس ،فائر بریگیڈ اورامدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا ۔آتشزدگی کے وقت فیکٹری میں 25ملازمین موجود تھے جنہیں امدادی ٹیموں باہرنکالا اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیشتر زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کی وجہ ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد جمع کر لیے گئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ دھماکا گیس پائپ لائن پھٹنے کی وجہ سے ہوا ۔