Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’تتلی‘‘سے آندھرا کو 2800کروڑ کا نقصان ، مرکز سے امداد کی درخواست

حیدرآباد۔۔۔سمندری طوفان تتلی کے سبب آندھراپردیش میں ہی تقریبا2800کروڑروپئے کانقصان ہوا ہے۔ریاستی حکومت نے تخمینہ لگانے کے بعدوزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے وزیراعظم نریندر مودی سے درخواست کی ہے کہ وہ شدید طورپر متاثرہ ضلع سریکاکلم اور ضلع وجیانگرم کے عوام کے لئے کم از کم 1200روپئے عبوری امداد کے طورپر فراہم کریں ۔انہوںنے کہاکہ تباہ کن طوفان تتلی شمالی ساحلی آندھراپردیش سے بُری طرح ٹکرا یا جس سے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا اور علاقہ بالخصوص سریکاکلم اور وجیانگرم اضلاع میں عام زندگی مفلوج ہوگئی ۔وزیراعلی نے کہاکہ اس طوفان کے سبب جن املاک کو نقصان پہنچا ہے ،ان میں بجلی 500کروڑروپئے، عمارت وشوارع 100کروڑروپئے ، پنچایت راج 100کروڑروپئے،زراعت 800کروڑ روپئے، باغبانی 1000کروڑروپئے، افزائش مویشیاں50کروڑ روپئے ، سمکیات50کروڑ روپئے، آرڈبلیو ایس 100کروڑروپئے، آبپاشی 100کروڑ روپئے شامل ہے۔انہوںنے کہاکہ ریاستی حکومت نے پہلے ہی بچاو اور راحت سرگرمیوں کا آغاز جنگی خطوط پر کردیا ہے اور انہوںنے خود شخصی طورپر ان اضلا ع کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کیمپ کیا تھا۔ان اضلاع میں جانوں، املاک اور انفراسٹرکچر کو ہوئے نقصانات پر انہوںنے حکومت ہند سے درخواست کی ہے کہ وہ دریا دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلد ہی امداد کی منظوری دے تاکہ عوام کی مشکلات کو کم سے کم کیا جاسکے۔انہوںنے عبوری راحت کے طورپر 1200کرو ڑروپئے کی اجرائی کی مرکز سے درخواست کی۔

شیئر: