جدہ ..... مسلم وزرائے اطلاعات و نشریات نے واضح کیا ہے کہ ”اسلام فوبیا “ سے نمٹنے کیلئے دنیا بھر کے سامنے دین حق کی روشن تصویر پیش کی جائیگی۔ یہی اس مسئلے کا حقیقی حل ہے۔ وزراءنے اس عزم کا اظہار بدھ کو جدہ کانفرنس پیلس میں منعقدہ گیارہویں کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کرکے کیا۔ کانفرنس کی صدارت سعودی وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عادل الطریفی نے کی۔ مسلم وزراءنے ”دہشتگردی اور اسلام فوبیا کے مقابلے میں جدت پذیر میڈیا“ کے زیر عنوان پروگرام کے تحت مطالبہ کیا کہ تما م مسلم ممالک انسداد دہشتگردی کیلئے نئی ابلاغی حکمت عملی مرتب کریں۔ انہوں نے ہر طرح کے تشدد، انتہا پسندی، غلو اور دہشتگردی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ انسانی ثقافتوں کے پاکیزہ پیغامات کی شکل بگاڑ رہی ہیں۔ مسلم وزرائے اطلاعات و نشریات نے غزہ پٹی میں فلسطینی عوام پر اسرائیل کی ننگی جارحیت کو طشت از بام کرنے پر مسلم میڈیا کو شاباش دی۔ سعودی وزیر ثقافت و اطلاعات نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشتگردی کیلئے ابلاغی اداروں اور سیٹلائٹ چینلز کی مدد کرنا ہوگی۔ اس کے بغیر بات نہیں بنے گی۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ ان دنوں اسلام اور اسکی حرمتوں کے خلاف میڈیا سرگرم مہم چلائے ہوئے ہے۔ اس کا تقاضا ہے کہ تمام ممالک ،تنظیمیں اور ادارے مادی و افرادی وسائل بروئے کار لائیں۔الطریفی نے کہا کہ ہمارے یمنی بھائی بحران میں مبتلا ہیں۔ حوثی اور انکی حامی علی صالح کی فوج برادر ملک یمن کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔ حوثیوں نے مکہ مکرمہ مقدس شہر تک کو نشانہ بنانے کی جسارت کرلی۔مسلم وزراءکانفرنس کی شروعات بدھ کو جدہ میں ہوئی تھی۔مسلم وزراءنے ایک قرارداد یہ منظور کی کہ او آئی سی سوشل میڈیا کے توسط سے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے چھوٹی چھوٹی فلمیں تیار کرے۔ ایک قرارداد میں اسلامی سیٹلائٹ چینل شروع کرنے پر زور دیا گیا۔