نیب حراست میں شہباز شریف کے ساتھ سختیاں
لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر، موجودہ اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی نے کہا ہے کہ ان کے شوہر کو نیب کی جانب سے انتہائی بری حالت میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں مزید بتایا کہ شہباز شریف کو بیت الخلا جانے کے لیے بھی اپنے دروازے کا تالا زور زور سے پیٹنا پڑتا ہے۔
تہمینہ درانی کے مطابق شہباز شریف نے انہیں ملاقات کے دوران بتایا کہ تفتیش صرف 30 منٹ کے لیے کی جاتی ہے، باقی تمام وقت برباد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو جس حالت میں رکھا گیا ہے، اس سے میں خوف میں ہوں۔ شہباز شریف کو 10×10 کے ایک سیل میں رکھا گیا ہے جس میں ایک ایگزاسٹ فین لگاہوا ہے لیکن کوئی روشن دان نہیں ہے ۔