ترک سعودی تعلقات پر کوئی طاقت اثر انداز نہیں ہوسکتی، شاہ سلمان
ریاض۔۔۔۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ترک صدر رجب طیب اردگان سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے سعودی شہری جمال خاشقجی کی گمشدگی کی گتھی سلجھانے کیلئے مشترکہ تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل سے متعلق سعودی عرب کی تجویز کا خیر مقدم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے واضح کیا کہ جس طرح برادر ملک ترکی سعودی عر ب کے ساتھ اپنے تعلقات برقرار رکھنے کا خواہاں ہے اُسی طرح سعودی عرب بھی اپنے برادر ملک ترکی کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار رکھنے کا آرزومند ہے اور کوئی بھی طاقت دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات کو زک نہیں پہنچا سکتی۔ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے گہرے ، منفرد ، تاریخی ، برادرانہ تعلقات اور ترکی و سعودی عرب کے برادر عوام کے رشتے قابل قدر ہیں اور وہ باہمی رشتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مضبوط بنانے کے خواہشمند ہیں۔