Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی قائم

  اسلام آباد...قومی اسمبلی کے ا سپیکر نے 25 جولائی کے عام انتخابات میں مبینہ طور پر ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے 30 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی۔ کمیٹی میں قومی اسمبلی کے20 جبکہ سینیٹ کے 10 ارکان شامل ہونگے ۔ ا سپیکر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔ پارلیمانی کمیٹی عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرے گی تاہم نوٹیفکیشن میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کمیٹی کب اپنا کام شروع کرے گی اور کتنے عرصے میں رپورٹ دے گی۔پارلیمانی کمیٹی کے ابھی قواعد وضوابط طے نہیں ہوئے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کو وہ تمام اختیارات حاصل ہوں گے جو ایک کمیشن کو حاصل ہوتے ہیں۔عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن اور نادرا سمیت تمام متعلقہ ادارے پارلیمانی کمیٹی کے ساتھ تعاون کرنے کے پابند ہوں گے۔ تحریک انصاف نے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کو اس کمیٹی کا چیئرمین مقرر کرنے کی تجویز دی ہے تاہم اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔حکومت کی جانب سے کمیٹی میں وفاقی وزرا پرویز خٹک، شفقت محمود، شیریں مزاری، فواد چوہدری، طارق بشیر چیمہ اور اعظم سواتی ، ملک عامر ڈوگر، خالد حسین مگسی، سردار اختر مینگل، سید امین الحق، غوث بخش مہر، سینیٹر محمد علی سیف، سینیٹر سرفراز بگٹی، سینیٹر نعمان وزیر اور سینیٹر ہدایت اللہ شامل ہیں۔اپوزیشن ارکان میں سردار ایاز صادق، رانا تنویر، احسن اقبال، مرتضی جاوید عباسی، رانا ثناء اللہ، خورشید شاہ، راجا پرویز اشرف، نوید قمر، امیر حیدر ہوتی، مولانا عبدالواسع، سینیٹر جاوید عباسی، سینیٹر اسد جونیجو، سینیٹر عثمان کاکڑ، سینیٹر رحمان ملک اور سینیٹر عبدالغفور حیدری شامل ہیں۔

شیئر: