شکست کی وجہ مہنگائی ہے ،ہمایو ں اختر
اسلام آباد... تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کو اپنی شکست کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم سے گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کی درخواست کی تھی۔ ضمنی انتخابات میں حکومتی اثر و رسوخ استعمال نہ کرکے تحریک انصاف نے تاریخی مثال قائم کی ہے۔ ٹی وی انٹرویو میں این ے 131 سے تحریک انصاف کے امیدوار ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے فی الحال گیس اور بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے کا کہا تھا ۔ مہنگائی اور میڈیا کا پراپیگنڈہ شکست کی وجہ بنا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں صرف 32 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے۔ پارٹی کی تنظیم سازی بھی اس حلقے میں نہ ہونے کے برابر ہے۔ اپنے حلقے میں تنظیم سازی پر توجہ دوں گا۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی میں اختلافات کی خبروں میں صداقت نہیں ۔ تحریک انصاف نے تاریخ میں پہلی مرتبہ ضمنی انتخاب میں حکومتی عہدیداروں کے اثر و رسوخ کی روایت کو ختم کیا ۔ بدقسمتی سے میڈیا اور اپوزیشن ہماری شکست کو منفی انداز میں پیش کرکے حقائق کو مسخ کررہے ہیں ۔ہماری نیک نیتی اور حکومت کی غیر جانبداری کی کوئی قدر نہیں کی جارہی۔ انہوں نے کہاکہ مشکلات کے باوجود 50 ہزار سے زائد ووٹ لینا بڑی کامیابی ہے۔