66 سرکاری گاڑیاں ساڑھے 6 کروڑ میں نیلام
اسلام آباد: نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے نیلامی کے لیے پیش کی گئی 76 گاڑیوں میں سے 66 گاڑیاں فروخت ہو گئیں جس سے محکمے کو 6 کروڑ 39 لاکھ روپے حاصل ہوئے۔ ذرائع کے مطابق این ایچ اے نے 76 گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کیا تھا جن میں سے 4 پراڈو، 4 ڈبل کیبن اور 2 ہائی ایس سمیت 66 گاریاں فروخت ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق باقی بچ جانے والی 10 گاڑیوں میں سے 8 میں خریداروں نے دلچسپی کا اظہار نہیں کیا جبکہ ایک گاڑی کے کاغذات کلیئر نہیں تھے اور ایک گاڑی کو خریدار نے واپس کردیا۔ ضوابط کے مطابق کامیاب خریداروں کو ایف بی آر کو ٹیکس بھی دینا ہوگا۔ نیلامی کی شرط کے مطابق کامیاب بولی دینے والوں کو 25 فیصد موقع ہی پر جمع کروانا ضروری تھا۔