پاکستان اورروس مشترکہ فوجی مشقیں
ماسکو... پاکستان اور روس مشترکہ فوجی مشقیں کریں گے۔ روس کی وزارتِ دفاع کے مطابق 21 اکتوبر سے 4 نومبر تک جاری رہنے والی فرینڈ شپ 2018 نامی مشقو ں میں دونوں ملکوں کے 200 فوجی اہلکار حصہ لیں گے۔۔ ان مشقوں میں روس کی فوج کے 70 اہلکار شریک ہوں گے جو خیبر پختونخوا کے علاقے چراٹ میں اسپیشل فورسز کے مرکز اور پبی میں انسدادِ دہشت گردی کے قومی مرکز میں ہونے والی مشقوں میں حصہ لیں گے۔روس کی وزارتِ دفاع نے کہا کہ ان تربیتی مشقوں میں حصہ لینے والے دونوں ممالک کے فوجی دستے پہاڑی علاقوں میں انسدادِ دہشت گردی اور مسلح گروہوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں سے متعلق اپنے تجربات کا ایک دوسرے سے تبادلہ کریں گے۔بیان میں کہا گیا کہ ان مشترکہ مشقوں کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون کو فروغ دے کر اسے مزید مضبوط بنانا ہے۔پاکستان اور روس کے درمیان اس سے قبل 2016ءاور2017ءمیں بھی مشترکہ فوجی مشقیں ہو چکی ہیں۔