ایرانی وزیر خارجہ کا شاہ محمود کو ٹیلی فون
اسلام آباد...ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کرکے پاک،ایران سرحد کے قریب سے ایرانی سرحدی محافظوں کے اغوا سے متعلق تشویش کا اظہار کیا ہے۔ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی سرحدی محافظوں کے اغوا پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کو لاپتہ ایرانی سرحدی محافظوں کی بازیابی کے لئے پاکستان کی کوششوں سے متعلق آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایرانی ملٹری اور انٹیلی جنس سے تعاون بھی جاری ہے۔وزیر خارجہ نے کہاکہ ایسے واقعات کا ذمہ دار دونوں ممالک کا مشترکہ دشمن ہے جو پاک، ایران دوستانہ تعلقات سے ناخوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوستی پر اثر انداز ہونے والے دشمن کے عزائم کو کسی صورت پورا نہیں ہونے دیں گے۔