ابوظبی ٹیسٹ : پاکستان نے آسٹریلیا کو 538 رنز کا مشکل ہدف دیدیا
جمعرات 18 اکتوبر 2018 3:00
ابوظبی:آسٹریلیا کی ٹیم ابو ظبی ٹیسٹ کے تیسرے دن فتح کیلئے 538رنز کے تعاقب میں47رنز پر ایک وکٹ سے محروم ہو چکی ہے۔تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو ایرون فنچ اور ٹریوس ہیڈ با لترتیب 24 اور17رنزکے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ۔ میچ کے 2دن باقی ہیں اور پاکستانی ٹیم کو میچ اور سیریزمیں جیتنے کے لئے آسٹریلیا کی 9 وکٹوں جبکہ مہمان ٹیم کو مزید 491رنزکی ضرورت ہے جبکہ میچ ڈرا کے لیے اسے کم از کم 192 اوورز کھیلنے ہوں گے ۔ قبل ازیںپاکستانی کپتان سرفراز احمد نے 9وکٹوں کے نقصان پر 400 رنز کے بعد دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے مہمان ٹیم کو فتح کیلئے 538 رنز کا ہدف دیا تھا ۔ بابر اعظم صرف ایک رن کی کمی سے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کرنے سے محروم رہے جبکہ سرفرازنے81،اظہر علی نے64اور اسد شفیق نے 44رنز اسکور کئے۔ آسٹریلوی اسپنر ناتھن لیون نے 4اور مارنس لیبوشین نے2وکٹیں حاصل کیں۔ حارث سہیل 17 رنز بناکر آوٹ ہوئے ۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ اس وقت گری جب اظہر علی اپنی غیرحاضر دماغی کے باعث 64 رنز پر رن آوٹ ہوگئے، اظہر علی نے شاٹ کھیل کر سمجھا چوکا ہو گیا ہے لیکن گیند باونڈری کے اندر ہی رک گئی ۔ اظہر علی وکٹ کے درمیان نے ساتھی بیٹسمین سے مشورہ کرتے رہے اور فیلڈر نے گیند وکٹ کیپر کی جانب پھینک کر انہیں رن آوٹ کرادیا۔ ا سدشفیق نے44 رنز کی اننگز کھیلی۔بابراعظم اور کپتان سرفراز احمد نے بھی چھٹی وکٹ کیلئے 133 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔13واں ٹیسٹ کھیلنے والے بابر اعظم ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری بنانے میں ناکام رہے اور 99 رنز پر آوٹ ہوگئے۔ انہوں نے171گیندوں کا سامنا کیا، 3چھکے اور4چوکے لگائے۔پہلی اننگز میں94رنز بنانے والے کپتان سرفراز احمد دوسرے اننگز میں 81 کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ کپتان سرفراز نے 400رنز 9کھلاڑی آوٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ پہلی اننگزمیں پاکستان کی برتری137رنز تھی یوں آسٹریلیا کو فتح کیلئے 538 رنز کا ہدف ملا۔ اسپنر ناتھن لیون پہلی اننگز کی طرح اس اننگز میں بھی4وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے ، میچ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 8ہو گئی ہے۔2 وکٹیں مارنس لیبوشین کے حصے میں آئیں۔ آسٹریلیا نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو عثمان خواجہ کی جگہ ایرون فنچ کے ساتھ شان مارش کھیلنے کے لئے آئے۔ اپنے پہلے اور میچ کے دوسرے اوور میںپہلا ٹیسٹ کھیلنے والے فاسٹ بولر میر حمزہ نے انہیںشان مارش کو بولڈ کردیا اور کیریئرکی پہلی وکٹ لینے میں کامیاب ہو گئے۔ 10کے مجموعی اسکور پر پہلا دھچکا لگنے کے بعد آسٹریلوی بیٹسمینوں نے دفاعی انداز اختیار کر لیا اور بقیہ 10اوورز میں میزبان بولرز کو مزید کوئی کامیابی حاصل کرنے کا موقع نہیں دیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں