Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کیخلاف کوئی بھی اقدام امت مسلمہ کے خلاف ہو گا ، طاہر اشرفی

    لاہور - - - -  امت مسلمہ کے خلاف ہونیو الی سازشوں کے خاتمے کیلئے اتحاد وقت کی ضرورت ہے ، سعودی عرب مسلمانوں کی عقیدت اور وحدت کا مرکز ہے ، سعودی عرب کے خلاف کوئی بھی اقدام امت مسلمہ کے خلاف اقدام ہو گا ، سعودی قیادت کے خلاف بے بنیاد زہریلا پروپیگنڈہ بند کیا جائے ، ترکی اور سعودی عرب کی قیادت کے درمیان روابط اور تحقیقاتی کمیٹی کا قیام درست فیصلہ ہے ، سعودی عرب پر پابندیاں لگانے کی باتیں احمقانہ سوچ ہے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل اور وفاق المساجد پاکستان کے زیر اہتمام  پاکستان بھر میں یوم تحفظ ارض الحرمین الشریفین کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجدپاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد مرحبا کوری روڈ راولپنڈی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے مختلف ممالک کو کمزور کرنے کے بعد اب اسلام دشمن قوتیں سعودی عرب کو اپنا ہدف بنا رہی ہیں ، سعودی قیادت کے خلاف بے بنیاد   پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ سعودی عرب اور ترکی کے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے  اور سعودی عرب کو  دھمکیاں دی جا رہی ہیں، سعودی عرب دشمن قوتیں جان لیں کہ سعودی عرب امت مسلمہ کا مرکز ہے اور پوری امت سعودی عرب کی قیادت کے ساتھ ہے اور خادم الحرمین الشریفین اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی حرمین الشریفین اور مسلم امۃ کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کی ہمیشہ مدد کی ہے اور ہر مشکل مرحلہ میں سعودی عرب کا تعاون پاکستان کے ساتھ رہا ہے ، سعودی عرب اور پاکستان کا رشتہ روح اور جسم کا ہے اور مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر ارض الحرمین الشریفین کے دفاع ، سلامتی اور استحکام کیلئے ہر لمحہ خادم الحرمین الشریفین   کے حکم کے منتظر ہیں ۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین مولانا عبد الکریم ندیم اور دیگر  علمائے کرام نے اپنے اپنے شہروں میں منعقدہ اجتماعات میں مشترکہ قراردادوں کے ذریعے سعودی عرب کی عوام اور قیادت کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام  اورحکومت کل بھی ارض الحرمین الشریفین کے دفاع ،  سلامتی اور استحکام کیلئے  سینہ سپر تھے اور آج بھی حرمین کی حفاظت کیلئے تیار ہیں اگر کسی قوت نے سعودی عرب کے خلاف جارحیت کی کوشش کی تو اس کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:- - - - -نفرت انگیز پروپیگنڈے کیخلاف سعودی عرب کا دفاع فرض ہے، امام مسجد نبوی

شیئر: