Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہران: کنگ عبد العزیز کلچرل سینٹر میں رنگوں کی بہار

 ثناء بشیر۔ الاحساء
 
دہران کے کنگ عبدالعزیز کلچرل سنٹر میں رنگوں کی ایسی بہار آئی کہ پوری فضا میں دھنک کے رنگ بکھرگئے۔ سعودی ارامکو کی جانب سے کلچرل سنٹر کے وسیع علاقے کو دن کی روشنی میں رنگوں سے بھر دیا گیا۔ عموماََ آتش بازی کا مظاہرہ رات کے اندھیرے میں نہ صرف دلکش نظارہ فراہم کرتا ہے بلکہ دیکھنے والے بھی اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں مگر کلچرل سنٹر میں اپنی نوعیت کے پہلے آتش بازی کے مظاہرے کو نا صرف ہمیشہ کے لئے یادگار بنا دیا بلکہ دیکھنے والے بھی اپنی آنکھوں پر یقین نہیں کرپارہے تھے ۔اس خوبصورت اور دلکش منظر کو دیکھنے کے لئے18 ہزار سے زائد افراد نے کلچرل سنٹر کا رخ کیا اور دن کے اجالے میں ہونے والی آتش بازی کے اس شاندار مظاہرے کو دیکھا ۔ قوس قزح کی مانند رنگوں کو زمین سے آسمان کی طرف بلند ہوتے دیکھا اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا علاقہ رنگوں سے رنگ گیا۔ اس شاندار مظاہرے کے حوالے سے سعودی آرامکو کے منتظمین کا کہنا تھا کہ صحرا میں جب رنگ بکھرتے ہیں تو ان رنگوں کی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے۔ رنگ ہمیشہ انسان کی کمزوری رہتے ہیں۔ اس لئے ہم نے دن کے اجالے میں اس ایونٹ کو کروانے کا پروگرام بنایا تھا۔ اس کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے کہا کہ آتش بازی کے اس منفرد مظاہرے کو کبھی بھلایا نہیں جاسکے گا۔ ہم نے پہلی مرتبہ اس طرح کی آتش بازی کے ظاہرے کو دیکھا ہے۔ اس کے علاوہ کلچرل سنٹر میں بچوں کے لئے مختلف ایونٹس بھی رکھے گئے تھے جن میں بچوں کی بری تعداد شریک ہوئی۔ انہوں نے ٹیبلوز اور دیگر کھیل پیش کیے جس سے بچے خوب پرجوش نظر آئے اور دلجمعی اور خوشی کے ساتھ ایونٹس میں شرکت کی اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
 

شیئر: