پاکستان کی قیام امن کے لیے قربانیاں دنیا جانتی ہے‘ وزیر خارجہ
اسلام آباد: وزارت خارجہ اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی ادارے اقوام متحدہ نے قیام امن اور ماحولیات سمیت تمام شعبوں میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اقوام متحدہ کی غربت کے خاتمے، صحت اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں کی گئی کاوشیں کامیاب رہیں۔
ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے 73 ویں عالمی دن کی مناسبت سے ہونے والے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے وسیع اقدامات کیے ہیں اور امن کے لیے بپاکستانی قربانیاں اور خدمات پوری دنیا جانتی ہے۔ وزیر خارجہ نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے طے کردہ مقاصد کے حصول کے لیے دل جمعی سے کوشاں رہے گا۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ 1960ء سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سمیت اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ لوگ جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ۔