ہیراتاجر کی جانب سے ملازمین کو کار اور ایف ڈی کا تحفہ!
جمعرات 25 اکتوبر 2018 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔۔گجرات کے معروف ہیروں کے تاجر ساوجی ڈھولکیا ایک مرتبہ پھر موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔ساوجی ڈھولکیا اپنے 600ملازمین کو ’’دیوالی‘‘کے موقع پر کاراور900ملازمین کوایف ڈی(فکسڈ ڈپازٹ) بطور تحفہ پیش کرینگے۔ اطلاع کے مطابق ہرے کرشنا ڈائمنڈ کمپنی کے سربراہ ساوجی بھائی ڈھولکیا نے رواں سال کمپنی کے 3ملازمین کو ایک کروڑ روپے مالیت کی مرسیڈیز پیش کی۔ڈھولکیا نے بتایاکہ امسال 1500ملازمین تحفہ کیلئے منتخب کئے گئے جن میں سے 600ملازمین کو کار کا تحفہ جبکہ 900ملازمین کو بینک میں (ایف ڈی) کی فرمائش کی۔پہلی مرتبہ 4ملازمین وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھوں تحفہ حاصل کرینگے۔قبل ازیں 2017ء میں ساوجی نے اپنے ملازمین کو 1200ڈیٹسن ریڈی گو تحفے کے طور پر پیش کیا تھا۔2016ء میں دیوالی کے موقع پر انہوں نے ملازمین میں بطور بونس 51کروڑ روپے تقسیم کئے تھے۔
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں