شمالی برطانیہ نے برف کی چادر اوڑھ لی
اتوار 28 اکتوبر 2018 3:00
لندن- - - - موسمی تبدیلیاں عالمی جغرافیائی دنیا کی معروف اصطلاح بن گئی ہیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے مختلف علاقوں میں موسم کا رنگ اور مزاج دونوں بدل جاتے ہیں۔ ایسا ہونے میں تھوڑا وقت لگتا ہے ۔ آہستہ آہستہ تمام مراحل گزرتے ہیں مگر شمالی برطانیہ میں اس بار کچھ اتنی برق رفتاری سے موسم نے رنگ بدلا ہے کہ لوگ حیران و پریشان ہیں ۔ ہفتہ کی صبح جب لوگ سو کر اٹھے تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ پورا علاقہ برف پوش ہوچکا ہے اور اتنی تیز ٹھنڈی ہوا چل رہی ہے کہ ہڈیوں میں گھستی محسوس ہورہی ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے نارتھ سی کے علاقے میں اچانک درجہ حرارت بے حد کم ہوگیا ۔ سرد یخ بستہ ہوائیں آرکیٹک سے چلیں اور برطانیہ کو برف کا گولا بناکر چلی گئیں۔ کچھ لوگ جو رات کو جاگ رہے تھے یہ کہتے ہوئے بھی سنے گئے کہ وہ اپنے وقت پر سو گئے تھے کہ اچانک زور دار ٹھنڈک لگی تو وہ نیند سے بیدار ہوئے اور انہیں احساس ہوا کہ وہ شاید کسی برف کے گولے میں سو رہے ہیں۔ بہت سے لوگ شدید اور یخ بستہ ہواؤں کی تاب نہ لاکر جلد میں خارش اور خشکی محسوس کرنے لگے اور جتنے بھی گرم کپڑے ان کے پاس تھے زیب تن کرلئے۔ گوئس گورو اور نارتھ یارک شائر میں رات کے وقت درجہ حرارت صفر تک آگیا تھا ۔ ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ تیز بارش بھی ہوتی رہی۔ دن کے گیارہ، بارہ بجے سورج نمودار ہوا اور لوگوں کو کچھ راحت محسوس ہوئی۔ نارتھ یارکشائر کے لوگ سال کے ان دنوں میں ایسی برف باری کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ بالعموم یہاں گزشتہ دس سال سے جو سرد ترین اکتوبر کے مہینے گزرے وہ بھی اتنے سرد نہیں تھے جتنی سردی آج لوگوں نے محسوس کی تاہم کچھ فرض شناس افراد ایسے خراب موسم اور ٹھنڈک میں بھی اپنی ڈیوٹیاں انجام دیتے نظر آئے۔ کچھ ڈاکیے نیکر اور ہاف آستین کی قمیض کی وردی میں ڈاک تقسیم کرنے نکل کھڑے ہوئے۔