پاکستان ہر فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھاتا رہے گا، سفیر پاکستان
اتوار 28 اکتوبر 2018 3:00
سفارتخانہ پاکستان کویت میں یوم سیاہ کشمیرکی تقریب
محمد عرفان شفیق ۔۔کویت
سفارتخانہ اسلامی جموریہ پاکستان کویت میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے 27 اکتوبرکویوم سیاہ کی مناسبت سے تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستانیوں اور کشمیری کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ 27 اکتوبر دنیا بھر کی کشمیری کمیونٹی یوم سیاہ کے طور پر مناتی ہے جس دن ہندوستانی افواج نے کشمیر پر دھاوا بولا۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن حکیم سے ہوا جسکی سعادت حافظ عامر نے حاصل کی جس کے بعد سفیر پاکستان غلام دستگیر نے صدر مملکت ڈاکٹر علوی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی کشمیریوں کا دیرینہ مطالبہ ہے اور پاکستان ہر فورم پر اس مسئلے کو اٹھاتا رہے گا۔ کشمیر کے مسئلے کا حل کشمیریوں کے رائے کے مطابق حل ہونا چاہیے اور کشمیر کی آزادی تک حق خودارادیت کی جنگ جاری رہے گی۔ اس موقع پر کشمیریوں پر ہندوستانی تسلط اور ظلم و ستم کی داستانوں کی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ تقریب کے اختتام پر حافظ محمد شبیر نے کویت و پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔