کرسٹیانو رونالڈو نے جوونٹس کو اپ سیٹ شکست سے بچا لیا
روم: کرسٹیانو رونالڈو نے اطالوی کلب جوونٹس کیلئے فتح گر کھلاڑی کا کردار ادا کرنا شروع کردیا ۔ پرتگالی اسٹار کے 2شاندار گولوں نے کلب کو 1-2سے کامیابی دلا دی۔اطالوی لیگ سیری اے کے میچ میں ایمپولی کے خلاف میچ میں جوونٹس کی ٹیم پہلے ہاف کے دوران ایک گول کے خسارے میں تھی ۔ پوری کوشش کے باوجود میچ برابر نہ ہو سکا۔28ویں منٹ میں یہ گول فرانسسکو کیپیٹو نے اسکور کیا تھا۔ ایمپولی کی ٹیم ، جو پورے سیزن میں صرف ایک فتح کے ساتھ 20ٹیموں میں 18ویں نمبر پر تھی ، کو ترقی دے کر اس لیگ میں کھیلنے کا موقع دیا گیا تھا اور وہ چیمپیئن ٹیم کے خلاف بڑے اپ سیٹ کے موڈ میں نظر آرہی تھی ۔ دوسری جانب یہ اس سیزن میں پہلا موقع تھا جب جوونٹس ایک گول کے خسارے کے ساتھ دوسرا ہاف کھیل رہی تھی۔ دوسرے ہاف کے دوران جوونٹس کو مخالف کھلاڑی کے خطرناک فاول کے نتیجے میں پنالٹی کک ملی جس پر کرسٹیانو رونالڈو نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا ۔ اس کے بعد سپر اسٹار فٹبالر رینالڈو ایک مرتبہ پھر ایکشن میں آئے اور ایک لمبی کک لگا کر گیند کو ایمپولی کے جال میں پہنچاتے ہوئے جوونٹس کو برتری دلانے میں کامیاب ہو گئے اور اسی اسکور پر میچ بھی اختتام کو پہنچ گیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں