’’زرداری کے رنگ پسٹن خراب‘ انجن دھواں دے رہا ہے‘‘
کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری منتظر ہیں کہ ن لیگ کو کوئی فائدہ (این آر او) ملے تو اس کے بعد وہ بھی استفادہ کریں۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف این آر او کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پورے وثوق کے ساتھ کہتا ہوں کہ شہباز شریف اس کوشش میں ہیں جس کیبعد زرداری بھی تیار بیٹھے ہیں۔
صحافی کے سوال کے جواب میں شیخ رشید نے مزید کہا کہ یہ سب جیل کا میٹریل ہے، زرداری کے رِنگ پسٹن بیٹھ گئے ہیں اور اب ان کا انجن دھواں دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمن نام اسلام کا لیتا ہے لیکن اس کی نظر اسلام آباد پر ہے جب کہ سیاست دان سمیت ہر شخص کا احتساب ہوگا۔
ریلوے سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹرینوں کی رفتار بڑھانے پر کام شروع کردیا ہے۔ ہم نے تمام ڈویژنز میں وائی فائی کی سہولت مہیا کردی ہے اور لوگوں سے اپیل کرتے ہیں خانیوال اور ملتان میں وائی فائی کی سہولت کے لیے ریلوے اسٹیشن نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک سال میں محکمہ ریلوے کو خسارے سے نکال لیں گے۔ 10 ارب کا اضافہ کریں گے جبکہ پشاور کے لوگوں کے لیے رحمن بابا ایکسپریس چلائیں گے اور گوادر سے کوئٹہ ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔