Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان مشکل ترین دور سے نکل چکا ،عمران خان

  لاہور...وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کو سب سے بڑا مسئلہ مالی خسارہ تھا جو ورثہ میں ملا۔ پوری کوشش کی کہ آئی ایم ایف کے پاس سب سے آخرمیں جائیں تاکہ معیشت پر کم سے کم بوجھ پڑے۔ پہلے دوست ممالک سے ر جوع کیا۔ سعودی عرب نے ہمیں بغیر کسی شرط کے امداد دی ۔ دنیا کو پتہ ہے کہ پاکستان اس خطے کا سب سے اہم ملک ہے۔ اس وقت ضرورت صرف طرز حکومت کو بہتر بنانا ہے۔ لاہور میں صوبائی اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی طاقت ہمارے نوجوان ہیں۔ اگراپنے نوجوانوں کو مواقع فراہم کریں تو پاکستان بہت ترقی کرے گا۔ چین ہمارا اہم ترین دوست ہے۔ چین کے دورے میں ٹیکنالوجی کے حصول پر زور دیا جائے گا تاکہ پاکستان اپنے پاو¿ں پر کھڑا ہو سکے اور کسی کی مدد نہ لینی پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اب سارے وزراء کے کام کو جانچا جا ئے گا، سزا اور جزا کا نظام ہوگا۔ جو وزیر کام نہیں کرے گا ا سے تبدیل کر دیا جائے گا۔ پاکستان اب بدل چکا ہے۔ تحریک انصاف نے ملک سے دو جماعتی کلچر کو ختم کر دیا ۔ ہماری جدوجہد سے اب قوم با شعور ہو چکی ہے۔ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن کے شور شرابے سے بالکل نہ گھبرائیں۔ ان کے شور سے بلیک میل نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہمیں دوبارہ اس لئے موقع دیا گیا کہ ہم نے وہاں عوامی فلاح وبہبود میں مزید بہتری لائے۔ انہوں نے کہا کہ جس آدمی پر خود کرپشن کے کیس ہوں وہ کیسے پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین بن سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اب مشکل ترین دور سے نکل چکا ہے۔ اب بہتری آئے گی۔ نیپرا نے بجلی کے نرخ 3 روپے سے زیادہ بڑھانے کی تجویز دی تھی مگر ہم نے صرف اوسطاً 1.27 روپے فی یونٹ اضافہ کی منظوری دی۔ غریب پر پھر بھی بوجھ نہیں ڈالا۔ کسان کے لئے ٹیوب ویل کی بجلی کے نرخ کم کر دئیے۔ بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری لا رہے ہیں۔ بجلی چوروں کو سختی سے نمٹا جائے گا۔ اب ہماری ترجیح نظام حکومت کو بہتر بنانا ہے۔ بڑے چوروں کو پکڑنا ہے۔ غریب آدمی کو تنگ نہیںکیا جاے گا۔ انہوں نے کہا ہماری جنگ بڑے بڑے ما فیا کے خلاف ہے۔ آپ نے ہر فیصلہ میرٹ پر کرنا ہے۔ آپ کی ساری توجہ عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے پر ہونی چاہیے۔ اگر آپ کی نیت ٹھیک ہو اللہ آپ کی مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر مہذب معاشرہ غریب کی فلاح کے بارے میں سوچتا ہے۔ اب پاکستان میں بھی یہی رواج ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف حکومت کا مقصد پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے۔ صحت اور تعلیم اولین ترجیح ہیں ۔ یہی وہ شعبے ہیں جو غریب کی زندگی میں بہتری لاتے ہیں۔ پاکستان پورٹل سٹیزن کا آغاز ہو چکا۔ اب عوام ہمیں ذمہ دار ٹہرا سکتے ہیں۔ کرپشن پر اب چیک ہوگا۔ اب اپ کو زیادہ محنت سے کام کرنا ہوگا۔ 

شیئر: