زراعت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ وزیرا عظم
لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مالی تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زراعت کی بہتری تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے لاہور میں پی ٹی آئی کے ارکان پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ابتدا ہی سے درست سمت میں اچھی گورننس کی بنیاد رکھی اور یہی وجہ ہے کہ ہمیں ابھی بھی طویل المدتی اقدامات پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت حق داروں کو دو وقت کی روٹی اور سڑکوں یا فٹ پاتھوں پر سونے والوں کو چھت فراہم کرے گی۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ اپنے حلقوں میں عوام سے مضبوط رابطے پیدا کریں اور شہریوں کو ریلیف فراہم کریں۔ عمران خان نے بتایا کہ دورہ چین میں زراعت ایجنڈے کا اہم حصہ ہوگا اسے مینجمنٹ اور فنانس کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی اولین ترجیح زراعت کی بہتری ہے۔