استنبول۔۔۔سعودی پبلک پراسیکیوٹر سعود المعجب اور ترک پبلک پراسیکیوٹر نے دارالعدم استنبول میں ایک بار پھر ملاقات کی ۔ سعودی پبلک پراسیکیوٹر نے استنبول میں سعودی قونصل خانے کا 90منٹ کا دورہ کیا ۔ مبصرین نے توجہ دلائی ہے کہ جمال خاشقجی کے قتل کی بابت سعودی عرب کے ملزمان سے جاری تحقیقات کا سلسلہ کافی آگے بڑھ گیا ہے ۔ ترک ذرائع نے عکاظ اخبار کو بتایا کہ فریقین نے واقعہ کے جملہ حقائق دریافت کرنے کیلئے تحقیقات کے سلسلے میں تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سعودی پبلک پراسیکیوٹر اور ان کے ہمراہ ترکی گئے ہوئے وفد نے استنبول کے دارالعدل میں ترک پبلک پراسیکیوٹر عرفان ایدان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ یہیں سے المعجب سعودی قونصل خانے گئے۔ وہاں 90منٹ تک رہے۔ذرائع ابلاغ نے اس حوالے سے متضاد رپورٹیں دیں ۔ بعض نے خیال ظاہر کیا کہ سعودی پبلک پراسیکیوٹر نے خاشقجی کی موت کی بابت سعودی عرب میں جاری تحقیقات کے دوران ملزمان کے بیانات سے ترک پبلک پراسیکیوٹرکو آگاہ نہیں کیا۔دیگر ذرائع ابلاغ نے اس کے برعکس بات کہی ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سعودی وفد نے ترکوں کو سعودی ملزمان سے ملنے والی معلومات پیش کر دی ۔انہیں تحقیقات کی تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا ۔ ترک وزیر خارجہ مولود اوغلو نے سعودی اور ترک پبلک پراسیکیوٹر کے درمیان معلومات کے تبادلے کو نہ صرف یہ کہ فائدہ مند بتایا بلکہ تعاون جاری رکھنے کو ضروری بھی قرار دیا۔