Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میرٹھ: 42مسلمانوں کے اجتماعی قتل کے تمام بری اہلکاروں کو عمر قید کی سزا

میرٹھ۔۔۔۔دہلی ہائی کورٹ نے میرٹھ کے ہاشم پورہ محلے میں مئی 1987 میں 42مسلم نوجوانوں کو پی اے سی اہلکاروں کے ہاتھوں اجتماعی قتل کے الزام میں بڑا فیصلہ سنایا۔متاثرہ خاندانوں کو انصاف کیلئے 31سال انتظار کرنا پڑا۔عدالت عالیہ نے ذیلی عدالت کے فیصلے کے برعکس فیصلہ دیا جس میں 16 پی اے سی (پرووِنشیل آرمڈ کانسٹیبلری) اہلکاروں کو بری کر دیا گیا تھا۔ ہائی کورٹ نے تمام ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی۔واضح ہو کہ مارچ 2016 میں سیشن کورٹ نے ثبوتوں کی کمی کا حوالہ دے کر 16 پی اے سی ملزم اہلکاروں کو بری کر دیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ یہ تو ثابت ہوتا ہے کہ ہاشم پورہ محلہ سے 40 سے 45 نوجوانوں کو پی اے سی کے ٹرک سے اغوا کیا گیا اور انہیں قتل کرکے ندی میں پھینک دیا گیا لیکن اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ قتل عام میں پی اے سی اہلکار شامل تھے۔اس کیس میں رنویر بشنوئی گواہ تھے۔ بشنوئی رواں سال مارچ میں تیس ہزاری عدالت میں حاضر ہوکر معاملہ سے متعلق کیس کی ڈائری سپردکی تھی۔ اس  ڈائری میں میرٹھ پولیس لائنز میں 1987 میں تعینات پولیس اہلکاروں کے نام درج ہیں۔ اس ڈائری کو ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا۔سرکاری وکیل کے مطابق پی اے سی اہلکاروں نے ایک مسجد کے باہر جمع 500 افراد میں سے تقریباً 50 مسلمانوں کو حراست میں لیا اور42 کوگولی ماردی اور بعد ازاں لاشیں نہر میں بہادیں۔ واقعہ میں 8 افراد زندہ بچ گئے تھے جنہیں گواہ بنایا گیا ۔

کیا تھا واقعہ؟:

اپریل 1987ء کو میرٹھ میں فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے تھے جس پر قابو پانے کیلئے پی اے سی فورس طلب کی گئی ۔حالات معمول پر آنے کے بعدپی اے سی کو ہٹا لیا گیا۔19مئی 1987ء کو دوبارہ فساد کی آگ بھڑک اٹھی جس میں 10افراد ہلاک ہوگئے اور علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔حالات پر قابو پانے کیلئے پی اے سی فورس سے 30دستے تعینات کئے گئے۔ گل مرگ سنیما میں آتشزنی کے واقعہ کے بعد مرنیوالوں کی تعداد22ہوگئی۔22مئی کوپی اے سی دستےکے کمانڈر سریندر پال سنگھ کی قیادت میں 19پی اے سی اہلکاروں کومحلہ ہاشم پورہ روانہ کیا گیا۔ انہوں نے یہاں سے50مسلمانوں کو اپنے ٹرک میں بھر کر مراد نگر لے گئے جہاں42 پر اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیاتھا۔
 
مزید پڑھیں:- - -  -ہندوستان نے کیا ایٹمی میزائل’’ اگنی1‘‘ کا کامیاب تجریہ
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں
رائے دیں، تبصرہ کریں
 

 

شیئر: