نئی دہلی۔۔۔۔ صدر رام ناتھ کووند نے بدعنوانی سے پاک نئے ہندوستان کی تعمیرکیلئے جدوجہد جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نئے ہندوستان کی تعمیر کے لئے بدعنوانی کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔ کووند نے’’ ویجی لینس بیداری ہفتہ‘‘ کے دوران مرکزی ویجی لینس کمیشن کی طرف سے وگیان بھون میں منعقدہ پروگرام میں کہا کہ بدعنوانی اُس دیمک کی طرح ہے جو اقتصادی نظام کو کھوکھلا کردیتی ہے۔سماجی اور اخلاقی اقدار پر بھی برا اثر پڑتا ہے۔اس کیلئے سبھی لوگوں کومتحد ہوکر مقابلہ کرنا ہوگا۔ سماجی فلاح وبہبودکیلئے ہر طبقے کی شراکت ضروری ہے۔ انہوں نے مختلف سرکاری اداروں، ایجنسیوں اور کمپنیوں کے اعلیٰ افسران کو مشورہ دیا کہ اپنے طرز عمل کے ذریعے بہترین مثال پیش کریں۔ صدر کووند نے کہاکہ جس طرح صحت کے شعبے میں’’تحفظ ‘‘علاج سے بہتر فارمولہ ہے، اسی طرح ویجی لینس کے میدان میں احتیاطی ویجی لینس اپنانا ضروری ہوتاہے۔انہوں نے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے عصری وسائل کوبروئے کارلانے پر زور دیا۔ اس سلسلے میں جی ایس ٹی، جن دھن کھاتے کے ذریعے مالیاتی شمولیت جیسے حکومت کے مختلف اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کالا دھن ، بے نامی اثاثوں اور گھپلوں میں ملوث افراد اور بیرون ملک مفرور مجرموں کے سلسلے میں قوانین وضع کئے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:- - - - -پی چدمبرم اور ان کے بیٹے کی گرفتاری پر26 نومبر تک پابندی
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں