تاج محل کے احاطے کی مسجد میں جمعہ کے علاوہ دیگرنمازوں پر پابندی
نئی دہلی۔۔۔۔محکمہ آثار قدیمہ( اے ایس آئی ) نے تاج محل کے احاطے میں قائم مسجد میں نماز جمعہ کے علاوہ دیگر نمازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔اے ایس آئی آگرہ سرکل کے سپرنٹنڈنٹ آرکیالوجی بسنت سورنکار کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے صرف مقامی باشندوں کو جمعہ کی نماز ادا کرنے کی اجازت ہے۔ مسجد کے امام سید صادق علی اور ان کا خاندا ن کئی عشروں سے امامت کے فرائض انجام دے رہا ہے۔ وہ ماہانہ صرف 15روپے محنتانہ وصول کرتے ہیں۔ تاج محل انتظامیہ کمیٹی کے صدر سید ابراہیم حسین زیدی نے مقامی ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے بتا یا کہ مسجد میں نمازیں شروع سے ہی ادا کی جاتی رہی ہیں، اب اسے روکنے کی وجہ سمجھ سے بالا ہے۔وہ اس کے خلاف آواز بلند کرینگے۔واضح ہو کہ انتظامیہ کی جانب سے جنوری 2018ء میں غیر ملکیوں اور بیرون شہر کے لوگوں کو مسجد میں نماز پڑھنے پر پابندی لگا ئی گئی تھی۔
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں