سیاستدانوں کی تذلیل کی جارہی ہے،فریال تالپور
کراچی ...پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر فرتال تالپور نے کہا ہے کہ کرپشن ثابت کئے بغیر سیاستدانوں کی تذلیل کی جارہی ہے ۔سیاسی رہنماوں کو بھی انسان سمجھا جائے ۔میرا سندھ حکومت کے معاملا ت سے کوئی تعلق نہیں ۔زرداری خاندان کی خواہش ہے کہ بھٹو خاندان ایک ہوجائے۔ منگل کو کراچی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ مشرف کے دور آمریت میں ضلعی ناظمہ تھی اور پورے سندھ میں نمبر ون تھی۔ اس دور میں مجھ سے بڑا زیادہ کام کرنے والا کوئی نہیں تھا۔ آج کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگا کر بدنام کیا جاتا ہے۔کرپشن کو پیپلزپارٹی سے جوڑنا زیادتی ہے۔ سندھ حکومت کے معاملات نہیں دیکھتی ۔آج تک حکومتی امور میں مداخلت نہیں کی۔ صرف پیپلزپارٹی کے سیاسی ونگ کو دیکھتی ہوں۔ بغیر ثبوت کے خبریں چلتی ہیں تو دکھ ہوتا ہے۔انہوںنے کہا کہ لاڑکانہ پیکج میں کرپشن کے حوالے سے افواہیں زیادہ حقیقت کچھ بھی نہیں ۔لاڑکانہ پیکج سے میرا کوئی تعلق نہیں مگر ہر مرتبہ تصویر میری لگائی جاتی ہے۔میڈیا لاڑکانہ پیکج سے کم از کم میری تصویر تو ہٹا دے۔ فریال تالپور نے کہا کہ تھرپارکر کے مسائل کا مستقل حل ڈھونڈ رہے ہیں۔تھرپارکر کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ڈیلیور کیا جسکے نتائج ہر الیکشن میں نظر آتے ہیں۔پیپلزپارٹی نہ ہوتی تو سندھ کے عوام کا بہت برا حال ہوتا۔پیپلزپارٹی سندھ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیگی۔