ویرات کوہلی میرا رول ماڈل ہیں، بابر اعظم
دبئی:پاکستانی اوپنربیٹسمین بابراعظم نے 26اننگز میں 1000رنز مکمل کر کے ویرات کوہلی کا 27اننگز میں 1000رنز کا ورلڈ ریکارڈ توڑنے کے بعد کہا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ کپتان ویرات کوہلی کو اپنا رول ماڈل مانتا ہوں او ر کرکٹ میں ان کی پیروی کا عزم رکھتا ہوں۔ بابر اعظم نے کہا کہ مجھے ان کااعتماد بولنگ کے مطابق شاٹ کھیلنے کا انداز بہت پسند ہے خصوصاً کوہلی جس اعتماد کے ساتھ کریز پر آتے ہیں وہ قابل تقلید ہے۔ بابر اعظم نے مزید کہا کہ کوہلی اگرایک میچ میں سنچری اسکور کرتے ہیں تو اگلے میچ میں ایسے میدان میں اترتے ہیں جیسے انہوں نے گزشتہ اننگز میں کچھ کیا ہی نہ ہو ان کی خوبصورت بات یہ ہے کہ تکبر انہیں چھو کر بھی نہیںگزرا۔بابراعظم نے تسلیم کیا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں میدان میں اترنے سے قبل ان کے ذہن میں کوہلی کا ریکارڈ تھا ۔ ون ڈے میں بھی بحیثیت اوپنر کھیلنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ کپتان اور کوچ پر منحصر ہے کہ انہیں کیا کردار سونپتے ہیں اور کس نمبر پر بیٹنگ کیلئے بھیجتے ہیں۔ادھر بابر اعظم کا ریکارڈ توڑنے والا معاملہ ہندوستانی شائقین کو زیادہ پسند نہیں آیا اور وہ بابر اعظم کی تعریف کے بجائے ان پر تنقید کررہے ہیں۔ بابر نے ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑا تو سوشل میڈیا پر پاکستانی اور ہندوستانی شائقین کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی۔ پاکستانیوں نے دل کھول کر بابراعظم کے ٹیلنٹ کو سراہا اور پاکستانی ٹیم کا اہم ستون قرار دیا۔انہوں نے اپنے پیغامات میں ویرات کوہلی کا ریکارڈ چھن جانے کا بار بارذکر کیا، جواب میں ہندوستانی شائقین نے کہا کہ ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنا رکھے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ان کا کوئی ثانی نہیں، ان کے مقابلے میںبابراعظم کی کارکردگی آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ پاکستانی بیٹسمین کا کیریئر تو ابھی شروع ہوا ہے،اسے ویرات کوہلی کے معیار تک پہنچنے میں عرصہ لگے گا اس لئے دونوں کا کوئی مقابلہ نہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریںاور تجزئیے پڑھنے کیلئے اردونیوز"واٹس ایپ اسپورٹس"جوائن کریں