آسیہ بی بی جیل سے رہا،بیرون ملک روانہ ؟
اسلام آباد ... توہین رسالت کیس میں سپریم کورٹ سے بری کی جانے والی آسیہ بی بی کو ملتان جیل سے رہا کردیا گیا۔ ذرائع نے دعوی کیا کہ اہل خانہ کے ہمراہ بیرون ملک روانہ ہوگئی۔ ایک اور ذریعے نے بتایا آسیہ کو سیکیورٹی خدشات کے بعد اسلام آباد میں کسی نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ آسیہ بی بی کو ملتان سے طیارے کے ذریعے اسلام آباد لے جایا گیا۔ یورپی پارلیمنٹ کے صدرنے ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ آسیہ بی بی جیل سے رہا ہو گئی ہیں انہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔ پاکستانی حکام کا شکر گزار ہوں۔دوسری طرف وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے ان خبروں کی تردید کی کہ آسیہ بی بی ملک چھوڑ کر ہالینڈ گئی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ آسیہ بی بی اب بھی پاکستان میں ہیں۔ دریں اثناء تحریک لبیک پاکستان نے رد عمل میں کہا کہ آسیہ بی بی کی رہائی حکومتی معاہدہ کی خلاف ورزی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پورا ملک آسیہ کی رہائی کی خبر سن کر غم و کرب میں مبتلا ہے۔معاہدے کی خلاف ورزی کر کے بدعہدی کی سیاہ تاریخ رقم کی گئی ۔ واضح رہے کہ آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک جان کو لاحق خطرے کی وجہ سے پہلے ہی بیرون ملک منتقل ہوچکے ہیں۔