افغان نژاد صفیہ وزیر بھی امریکی انتخابات میں کامیاب
واشنگٹن....افغان نژاد امریکی صفیہ وزیر نے ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر ری پبلکن کے ڈینس سوسی کو نیو ہیمپشائر کی ریاستی اسمبلی کی ایوانِ نمائندگان کی سیٹ پر ہرا دیا۔امریکی ٹی وی کے مطابق صفیہ جو 2 بچوں کی ماں ہیں انہوں نے اپنے بچپن میں افغانستان سے ازبکستان نقل مکانی کی جہاں وہ 10سال تک پناہ گزینوں کے ایک کیمپ میں رہیں۔2007 میں امریکی ریاست نیو ہیمپشائر منتقل ہوئیں۔صفیہ وزیر نے بزنس کی ڈگری حاصل کی۔ 2013 میں انہیں امریکی شہریت ملی۔صفیہ نے اپنی انتخابی مہم میں سستی رہائش، اسکولوں میں حفاظتی اقدامات اور نظام تعلیم میں بہتری جیسے مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ ساتھ ہی وہ ریاست میں تنوع لانے کی بھی حامی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ ریاست میں نوجوانوں کے لئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں یہاں سے منتقل ہونے سے روکا جا سکے۔تارکینِ وطن اور پناہ گزین اپنے ساتھ نئے آئیڈیاز لاتے ہیں۔صفیہ وزیر کی انتخابی مہم ملکی سطح پر اہمیت حاصل کر چکی تھی کیونکہ انہوں نے چار بار ریاستی انتخاب جیتنے والے ڈک پیٹن کو پرائمری انتخاب میں ہرایا تھا۔