ویمنزٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:10ٹیمیں شریک ہیں
پروویڈینس:چھٹا ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آج سے موجودہ چیمپیئن ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں شروع ہو رہا ہے جو 24نومبر تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ویمنز ٹیم سمیت10ٹیمیں شریک ہیں جنہیں2گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ پہلے دن 3میچ کھیلیں جائیں گے جن میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا، میزبان ویسٹ انڈیز کا میچ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کا ہند کے ساتھ ہوگا۔ پاکستانی ٹیم گروپ بی میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ہند اور آئرلینڈ کے ساتھ موجود ہے جبکہ گروپ اے میں انگلینڈ، میزبان ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ، سری لنکااور بنگلہ دیش شامل ہیں۔اس ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ امپائر کے فیصلے پر نظر ثانی کا نظام ڈی آر ایس استعمال کیا جائے گا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک ریویو مل سکے گا۔ ٹیموں کو غیر ضروری سفر سے بچانے کیلئے گروپ اے کے میچ سینٹ لوسیا اور گروپ بی کے مقابلے گیانا میں ہوں گے ۔ ابتدائی مرحلے کی تکمیل کے بعد ٹورنامنٹ ناک آوٹ مرحلے کیلئے اینٹیگوا منتقل ہو جائے گا۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو اس ٹورنامنٹ کے دوران اپنے اعزاز کا دفاع کرنا ہے اور وہی ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم بھی تصور کی جا رہی ہے ۔ اسے آسٹریلیا اور انگلینڈ جیسی ٹیموں کا چیلنج درپیش ہوگا جبکہ ہند اور پاکستان بھی اس کیلئے خطرہ بن سکتی ہیں۔ ٹورنامنٹ میں شریک تمام مہمان ٹیموں کیلئے ویسٹ انڈیز کا موسم اور ماحول نیا ہوگا ۔صرف ہندوستانی ٹیم کی 3ارکان متھالی راج، ہرمین پریت کوراور ایکتا بشت اس سے پہلے ویسٹ انڈیز میں کھیل چکی ہیں۔ پاکستان ، سری لنکا ، بنگلہ دیش اور آئر لینڈ رینکنگ میں آخری نمبر پر ہیں تاہم ان میں شامل بعض کھلاڑی اپنی ٹیموں کیلئے اہم ثابت ہو سکتی ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے اردونیوز"واٹس ایپ اسپورٹس"جوائن کریں