Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسلا دھار بارش، ریاض کے انڈرپاس اور اللیث کی سڑکیں زیر آب ، عرنہ میں سیلاب

    ریاض- - -  -ریاض ، الباحہ ، مکہ مکرمہ، طائف ، العرضیات ، اللیث، الخرمہ او رجدہ میں جمعہ کو  موسلا دھار بارش ہوئی۔ ریاض میں ژالہ باری کا سلسلہ بھی رہا۔ دارالحکومت کی سڑکیں زیر آب آگئیں۔ سیلاب کے باعث شہر کے بیشتر انڈر پاس ڈوب گئے۔ کئی سڑکوں پر ٹریفک معطل ہو کر رہ گیا۔ ریاض محکمہ ٹریفک نے گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو مشرقی سرکلر روڈ کے انڈر پاس و چوراہو ں ، دیراب روڈ او رمغربی سرکلر روڈ کی طرف موڑ دیا۔ یہاں موسلا دھار بارش کی وجہ سے شاہراہیں بند ہوگئیں۔ انڈر پاس میں بہت ساری گاڑیاں ڈوب گئیں۔ شہر میں مختلف مقامات جھیل کا  منظر پیش کرنے لگے۔بارش میں 93افراد پھنس گئے تھے، جنہیں بچا لیا گیا۔ 71گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ شارٹ سرکٹ کے 34واقعات ریکارڈ پر آئے۔  الشرقیہ ، القصیم ، حدود شمالیہ، مدینہ منورہ، حائل، الجوف، الریاض ، جازان، تبوک، نجران، عسیر، الباحہ او رمکہ مکرمہ میںتیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ بعض مقامات پر درمیانے درجے اور دیگر مقامات پر زبردست بارش دیکھنے میں آئی۔ مکہ مکرمہ میں موسلا دھار بارش کے باعث وادی عرنہ میں ایک ماہ کے دوران دوسری بار سیلاب آگیا۔ جنوبی مکہ کا الحسینیہ محلہ موسلا دھار بارش کے باعث زیر آب آگیا۔ شاہراہ بند کر دی گئی۔ متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔ یہاں کے لوگ جمعہ کی نماز ادا کرنے کیلئے مساجد نہ جا سکے۔ الحسینیہ کے باشندوں نے نکاسی آب کے نظام کا شکوہ دہراتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں کب تک ہم لوگ سیلاب کے مسائل سے دوچار ہوتے رہیں گے۔ اللیث کمشنری میں موسلا دھار بارش نے یہاں کی سڑکوں اور چوراہوں پر پانی کھڑا کردیا۔ ایک گھنٹے تک مسلسل زوردار بارش ہوتی رہی۔ سڑکوں پر کھڑی متعدد گاڑیاں ڈوب گئیں۔ ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا۔ مقامی باشندے ایک دوسرے سے سوال کرنے لگے کہ خدانخواستہ اگر اس طرح کی بارش کئی گھنٹے ہو گئی تو ایسی صورت میں اللیث کا کیا حال ہو گا۔ جدہ میں جمعہ کو صبح پونے 9بجے سے لگ بھگ 10بجے تک موسلا دھار بارش ہو ئی۔ اس دوران سڑکوں پر پانی دریا کا منظر پیش کر رہا تھا تاہم نکاسی کا نظام موثر ہونے کے باعث جلد ہی تمام سڑکیں دھوپ نکلنے پر خشک ہوگئیں۔ بعض نشیبی مقامات پر بارش کا پانی جمع ہو گیا ۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ہفتے کو بھی مکہ اور جدہ میں بارش ہو گی۔ عفیف کمشنری میں بھی بارش سے جھیلوں کے مناظر پیدا ہو گئے۔ طائف میں صبح 10بجے سے رات 9بجے تک گرج چمک، تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ الخرمہ روڈ پر موسلا دھار بارش نے راہگیروں کو خوفزدہ کر دیا۔ موسلا دھار بارشوں کے باعث باحہ میں وادی مشنیہ اور وادی علیب ڈیم  میںپانی  خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گیا۔  شہری دفاع کے ترجمان کرنل جمعان دایس نے بتایا کہ بارش کے باعث یہاں کے تمام پہاڑی راستے بند کر دیئے گئے ہیں۔ وادی الاحسبہ میں ایک بنگلہ دیشی پھنس گیا تھا اسے بحفاظت نکال لیا گیا۔
 
مزید پڑھیں:- -  - - -مشرقی ومغربی دائری سمیت دیراب روڈ ٹریفک کے لئے بند

شیئر: