عمران خان ایماندار لیڈر ہیں،شجاعت
لندن ... مسلم لیگ (ق )کے سربراہ چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سے عوام کی بڑی توقعات ہیں۔عمران خان ایماندار لیڈر ہیں اور وہ ملک کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ ٹی وی انٹرویو میں انہوںنے کہا کہ فوج کو ہر معاملے میں گھسیٹنے کی کوشش کی جاتی ہے، حالیہ انتخابات صاف اور شفاف ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ بالکل صحیح فیصلے کر رہی ہے۔ ڈیم بنانا چیف جسٹس کا کام نہیں لیکن لوگ ان کے نام پر پیسے دے رہے ہیں۔اگر وہ ملک کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو ان کی مدد کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دور میں دھرنوں کا مقصد کچھ اور تھا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی کارکردگی تو ٹھیک ہے لیکن پارٹی بیس پر احتساب نہیں ہونا چاہیے، جو مجرم ہیں انہیں ضرور پکڑنا چاہئے۔انہوںنے کہا کہ شہباز شریف کو ماڈل ٹاون کے ظلم کی سزا مل رہی ہے۔ ان کا ظلم ان کے آگے آیا ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی اکثریت تھی اور حکومت بنانا ان کا حق تھا۔ کسی قسم کے سازش کر کے حکومت بنانے کے حق میں نہیں۔ عثمان بزدار کی انہوں نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیشک دور دراز علاقے سے تعلق رکھتے ہیں لیکن وہ اچھے وزیر اعلی ثابت ہوں گے۔ آگے چل کر لوگوں کو ان کی صلاحیتوں کا پتہ چلے گا۔