جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز1-2سے جیت لی
ہوبارٹ: جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 321رنز کا بڑا ہدف دینے کے بعد 40رنز سے فتح سمیٹ کر ون ڈے سیریز 1-2سے اپنے نام کرلی ۔ ڈوپلیسس نے125اورڈیوڈ ملر نے 139رنز کی اننگز کھیلیں۔آسٹریلیا کی جانب سے شان مارش نے بھی سنچری اسکور کی لیکن ان کی ٹیم 9وکٹوں کے نقصان پر280رنز تک ہی پہنچ سکی ۔ جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اس میچ کا ٹاس آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے جیتا اور پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ۔ ان کا یہ فیصلہ اس وقت درست نظر آنے لگا جب جنوبی افریقہ کے دونوں اوپنرز 26اور تیسرا کھلاڑی 55رنز کے مجموعی اسکور پر واپس لوٹ گیا ۔ اس کے بعد کپتان فاف ڈوپلیسس اور ڈیوڈ ملر کے درمیان چوتھی وکٹ کیلئے 252رنز کی شراکت نے میچ کی صورتحال تبدیل کر دی ۔ دونوں نے تمام آسٹریلوی بولرز کو ناکام بناتے ہوئے اپنی سنچریاں مکمل کیں اور اسکور تیزی سے آگے بڑھاتے رہے ۔ اس شراکت کا خاتمہ مارکوس اسٹوئنز نے فاف ڈوپلیسس کی وکٹ لے کر کیا جو 114گیندوں پر2چھکوں اور15چوکوں کی مدد سے 125رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔مجموعی اسکور میں 11رنز کا اضافہ کرکے ڈیوڈ ملر بھی139رنز پر لوٹ گئے ان کی وکٹ جوش ہیزلوڈ کے حصے میں آئی۔بڑے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز تباہ کن تھا اور اس کی پہلی وکٹ ایک رن پر گر گئی جبکہ 39رنز پر اس کے3کھلاڑی آوٹ ہو گئے ۔ اس مرحلے پر شان مارش نے مارکوئس اسٹوئنز کے ساتھ107رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کو سنبھالا دیا ۔ مارکوئس کے63رنز پر آوٹ ہوجانے سے یہ شراکت ٹوٹی ۔اس دوران مارش نے سنچری مکمل کرلی لیکن اس کے بعد وہ وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر پائے اور106کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ 278 رنز پر3وکٹیں گرنے سے میچ یکطرفہ ہو گیا اور مجموعی اسکور میں صرف2رنز کے اضافے کے ساتھ ہی اوورز ختم اور جنوبی افریقہ40رنز سے یہ فیصلہ کن میچ اور سیریز جیت گیا۔ڈیل اسٹین اور ربادا نے3، 3وکٹیں لیں اور 2کھلاڑیوں کوڈوائن نے آوٹ کیا ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ "اردونیوز اسپورٹس"گروپ جوائن کریں