راول پنڈی: سینٹرل جیل اڈیالہ میں موت کی سزا پانے والے قیدیوں کی تعداد 311 ہوگئی ہے جن میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 6 ماہ سے کسی بھی ملزم کو اڈیالہ جیل میں پھانسی نہیں دی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سزائے موت کے 76 ملزموں کی اپیلیں عدالت عظمیٰ اور پھانسی کی سزا پانے والے 227 ملزمان کی اپیلیں عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہیں جبکہ 9 کی جانب سے صدر مملکت سے رحم کی اپیل کی گئی ہے اور صدر کی جانب سے فیصلے کے انتظار میں ہیں۔ واضح رہے کہ رواں برس جنوری تا اکتوبر 10 ماہ کے دوران 19 ملزمان کی پھانسی کی سزائیں عمر قید میں بدلی گئیں جبکہ پھانسی کے سزا یافتہ 21 ملزمان کو مقدمات سے بری کیا گیا۔