وارانسی: وزیر اعظم مودی نے 2400کروڑ روپے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا
لکھنؤ - - - -وزیراعظم مودی نے اپنے پارلیمانی حلقےبنارس میں 24سو کروڑ روپے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور دیگر مکمل ہونے والے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم دن میں 2بجے یہاں رام نگر دریائے گنگا کے کنارے تعمیر ہونے والے نئے آبی ٹرمنل کا افتتاح کیا۔انہوں نے ریموٹ کے ذریعے جہاز پر لدے ہوئے کنٹینر کو پلیٹ فارم پر اتارا۔ اب بنارس اور کلکتہ ہلدیہ بندرگاہ کے مابین براہ راست آبی راستہ تیار ہوگیا ہے۔ دونوں مقامات سے مال بردار کشتیوں کی آمدورفت کا سلسلہ شروع ہوجائیگا۔ دونوں مقامات سےسامان لانے لے جانے میں جومشکلات درپیش تھی یا تاجروں کو ٹرانسپورٹ کی مد میں بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی تھی اور آسانی سے بنارس لاسکیں گے۔ رام نگر آبی پلیٹ فارم پروزیر اعظم مودی کے ہمراہ یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ مرکزی وزیرنتن گڈکری اور دیگر مرکزی و ریاستی وزرا موجود تھے۔ یہ آبی گزرگاہ 4ریاستوں کو مربوط کریگی۔ نتن گڈکری نے بتایاکہ آئندہ دنوں میں اسے بنگلہ دیش کی بندرگاہ سے منسلک کردیا جائیگا اس طرح بنارس کی ریشمی ساڑیاں آسانی کے ساتھ ڈھاکا کی مارکیٹ میں پہنچائی جاسکیں گی اور ڈھاکا کا ململ اور سوتی کپڑے بنارس ، لکھنؤ ، کانپور اور الٰہ آباد کی منڈیوں میں فراہم کئے جاسکیں گے۔ وزیراعظم مودی رام نگر سے افتتاح کے بعد بذریعہ ہیلی کاپٹر بابت پور ہوئی اڈے گئے اور وہاں سےبنارس کو جوڑنے والی نئی 4رویہ شاہراہ کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم مودی نے اس موقع پر ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن پر نکتہ چینی کی۔انہوں نے کہاکہ مجھ پر الزام لگایا جاتا تھا کہ میں کرتا کچھ نہیں ہوں صرف لمبی لمبی پھنکتا ہوں۔ میں نے آج یہ ثابت کردیا کہ میں کرکے بھی دکھاتا ہوں اور عوام کے لیے ابھی مزید اور کروں گا۔ وزیراعظم کے ان منصوبوں کو اپوزیشن نے جلد بازی میں تیار کیا گیا انتخابی پرجیکٹ قرار دیا اور کہا کہ آئندہ پارلیمانی الیکشن کے پیش نظر انہوں نے یہ سب کیا ہے۔ ایئرپورٹ سے بنارس شہر تک 12 کلو میٹرطویل سڑک اور ایسے ہی12,10کلومیٹر کے بائی پاس کی تعمیر ہندستان جیسے بڑے ملک کے وزیراعظم کے انتخابی حلقے کے لیے کوئی بہت بڑا کارنامہ نہیں۔