مہنگائی 4 سال کی بلند ترین سطح پر آگئی، ن لیگ
اسلام آباد....مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں نے کہا ہے کہ مہنگائی 4 سال کی بلند ترین سطح پر آگئی ۔ اگر حکومت کہتی ہے کہ بحران ٹل گیا تو اس کا ثبوت دیا جائے۔حکمران ہر بات میں جھوٹ بول رہے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہاکہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ حکمرانوں کا جھوٹ ہے۔جس کی مثال یہ ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کہا تھا کہ 200 ارب ڈالر ملک میں واپس لائیں گے۔ اب کہتے ہیں یہ غلط فہمی تھی۔مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ یہ اتنا اچھا جھوٹ بول رہے ہیں کہ کل انہوں نے کہا کہ 700 ڈالر کی بیرون ملک چوری پکڑی اور کہا کہ 83 فیصد چوری نواز شریف اور زرداری کے خاندان کی ہے۔ اگر ایسا ہے تو بتایا جائے کہ کونسی چوری پکڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ایک جھوٹ کو چھپانے کےلئے دوسرا جھوٹ بولتے ہیں۔ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ اگر چور ہیں تو سب سے پہلے ہمارا احتساب کریں۔ پہلے ہی ہمارا احتساب ہورہا ہے مزید کرنا ہے تو کرلیں، ہم تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر احتساب کرنا ہے تو چوہدری سرور، جہانگیر ترین کا بھی احتساب کریں۔ علیم خان کا بھی احتساب کیا جائے۔مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ مدینہ کی ریاست کی بات کرنے والے عمران خان اپنا حساب کتاب بھی دے دیں، وہ بتائیں کہ انہوں نے ایک لاکھ 47 ہزار ٹیکس بھرا تھا تو بتائیں کہ ان کے پاس پیسے کہاں سے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ ان کے پاس اتنی گاڑیاں ہیں، انہیں یہاں سے پیٹرول ملتا ہے۔اگر انہیں جہانگیر ترین، علیم خان اور فیصل واوڈا پیسے دیتے ہیں تو انہوں نے یہ واپس کئے ہیں؟انہوں نے کہا کہ فالودہ والوں کے بے نامی اکاونٹ کا احتساب کرنا اچھی بات ہے لیکن مالی اور ڈرائیور کے نام پر اکاو¿نٹس کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔