Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چار روزہ سعودی فوڈایکس نمائش کا افتتاح ، پاکستان کی 9 کمپنیاں شر یک

    جدہ( ارسلان ہاشمی )  بین الاقوامی نمائش سینٹر میں سعودی فوڈایکس   2018 کے تحت منعقدہ چار روزہ نمائش کا افتتاح چیمبر آف کامرس میں سیاحت اور تفریح کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن نواف بن عبدالعزیز ال سعود نے کیا۔نمائش میں پاکستان سمیت 32 ممالک شرکت کررہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق  عالمی سطح پر ممتاز 9 پاکستانی کمپنیوں نے نمائش میں اپنی مصنوعات کے اسٹال لگائے ہیں ۔ پاکستان کی جانب سے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی  نے قونصلیٹ کے کمرشل سیکشن  کے تعاون سے سعودی فوڈ ایکس میں شرکت کی ۔  نمائش 15 نومبر تک جاری رہے گی۔ پاکستان قونصلیٹ میں متعین کمرشل قونصلر شہزاد احمد خان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان اور سعودی عرب کے مابین  تجارت کو فروغ دینا پاکستان قونصلیٹ کی اہم ذمہ داری ہے ۔ نمائش میں  شرکت کرنے والی کمپنیوں کا شمار پاکستان کی بہترین برآمدکنندگان میں کیا جاتا ہے جو چاول، پھل،سبزیاں، پروسیسڈ فوڈ ، مشروبات، بیکری اور کنفیکشنری کے شعبے میں عالمی سطح پر نمایاںشہرت کی حامل ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب ہر سال 25 بلین ڈالر کی خوراک اور مشروبات کی مصنوعات کی درآمد کرتا ہے تاکہ  بڑھتی ہوئی آبادی  اور سالانہ حج و عمرہ کی ضروریات کو پورا کرسکے ۔ کمرشل قونصلر نے مزید کہا کہ نمائش کے انعقاد سے مملکت میں اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر پاکستانی کمپنیوں کو سعودی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے اور اپنی مارکیٹ میں اضافہ کے لئے اہم  موقع فراہم کرتا ہے۔ پاکستان  زرعی ملک ہے، اور اس کی برآمدات  50 فیصد سے زائدزراعت اور ٹیکسٹائل پر مشتمل ہیں۔سعودی عرب میں حلال کھانے کی مارکیٹ میں جگہ بنانے اور برآمدات میں اضافے کے کافی مواقع  موجود ہیں۔کمرشل قونصلر شہزاد احمد نے مزید کہا کہ گزشتہ برس بھی پاکستان کی متعدد معروف کمپنیوں نے فوڈ ایکس کے زیر انتظام نمائش میں شرکت کی تھی ۔اس موقع پر موجود پریس قونصلر محمد ارشد منیر نے کہا کہ نمائش کے دور رس نتائج برآمد ہوتے ہیں جہاں پاکستانی تاجروں و صنعت کاروں کا مقامی تاجروں سے رابطہ ہو تا ہے وہاں مقامی تاجر بھی پاکستانی مصنوعات کے بارے میں اہم معلومات حاصل کر سکتے ہیں ۔  پاکستان قونصلیٹ مملکت  میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ اور انکی ترویج  کے لئے پاکستانی کاروباری حلقوں کو مکمل تعاون فراہم کرتا ہے اور سعودی وژن2030 کے تحت دو طرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے کام کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ  نمائش میں  16 ممالک کے 158 شیفوں نے اپنی مہارت کا ثبوت پیش کرتے ہوئے انواع و اقسام کے کھانے تیار کئے اور انہیں خوبصورت انداز میں سجایا گیا ۔ نمائش میں شیف مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔
 
مزید پڑھیں: - - - -سعودی عرب کے مختلف شہروں کے موسم کا حال جانئے

شیئر: