برطانوی وزیر اعظم کیخلاف عدم اعتماد کا امکان
لندن... وزیراعظم تھریسامے بریگزٹ معاہدے پر اگلے ہفتے کے دوران پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کر سکتی ہیں۔ اس قرارداد کے حق میں وزیراعظم کی اپنی سیاسی جماعت کنزرویٹو پارٹی کے 48 اراکین سرگرم ہیں اور وہ تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کی کوشش میں ہیں۔برطانوی اخبار کے مطابق تحریک عدم اعتماد کی رائے شماری منگل کو ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب حکمران سیاسی جماعت کے اراکین بریگزٹ ڈیل کی مخالفت میں سیاسی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔کابینہ کی جانب سے بریگزٹ معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد تھریسامے کو پارلیمان سے ووٹ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ تھریسامے اگر پارلیمان سے ووٹ حاصل نہیں کر پاتیں تو انہیں غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ہوسکتا ہے تھریسامے ایک اور ریفرنڈم کی کال دیں۔