عمران خان نے بھی گھر کے لیے درخواست دیدی
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اپنی رہایش گاہ کی ریگولرائزیشن کے لیے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو درخواست دے دی۔ ذرائع کے مطابق بنی گالا میں موجود دونوں رہایش گاہوں کے کاغذات سی ڈی اے کو درخواست کے ساتھ جمع کرا دیے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے زمین کے ملکیتی کاغذات، نقشے اور دیگر دستاویزات جمع کرا دیں جبکہ سی ڈی اے نے عدالتی احکامات کے مطابق زون 4، بنی گالا کو ریگولرائز کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کو زون 4 کے لیے کمرشل و رہائشی عمارتوں کی 132درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ اس حوالے سے، مزید بتایا گیا ہے کہ جرمانے کی مد میں 100 روپے فی مربع فٹ رہائشی اور 200 روپے فی مربع فٹ کمرشل عمارتوں کے مالکان سے وصول کیاجائے گا۔
واضح رہے بنی گالا تجاوزات کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ عمران خان سب سے پہلے اپنا گھر قانون کے دھارے میں لائیں اور سب سے ہلا جرمانہ بھی انہی کو ادا کرنا ہوگا۔