امریکہ ہمارا 155 بلین ڈالر کا مقروض ہے،رحمان ملک
اسلام آباد... سابق وزیر داخلہ اور پیپلزپارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ امریکی صدر کا بیان افسوسناک ہے ۔ پوری پاکستانی قوم کی دل آزاری ہوئی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو پبلک مناظرہ کی دعوت دیتا ہوں اور ثابت کروں گا کہ طالبان، القاعدہ اور داعش کس نے بنائے۔واشنگٹن نے اسلام آباد کو کوئی امداد نہیں دی ۔ امریکی صدر کا کولیشن سپورٹ فنڈ کو امداد کا نام دینا سراسر غلط ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا ۔ ایک بیان میں سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پیشرو سے پو چھیں جو پاکستان کے امریکہ پر احسانات مان چکے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان افسوسناک ہے جس سے پاکستانیوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ امریکہ کو پاکستان کا شکرگزار ہونا چاہئے کہ سوویت یونین اور نائن الیون سے لیکر اب تک ساتھ دے رہا ہے۔ امریکہ نے پاکستان کو کوئی ایڈ نہیں دیا بلکہ جو رقم ادا کیا ہے وہ سروس چارجز کی مد میں کیا ہے۔رحمان ملک نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا 155 بلین ڈالر کا مقروض ہے جو اس نے ہماری سروسز کے بدلے ادا کرنا ہونگے۔ پاکستان نے امریکہ کو اپنی زمینی، سمندری اور ہوائی اڈے استعمال کرنے دئیے جو کمرشل استعمال کیلئے بند رہے۔ جس سے خطیر مالی نقصان ہوا۔امریکی صدر کولیشن سپورٹ فنڈ کو امداد کا نام دے رہا ہے جو کہ سراسر غلط ہے۔