Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اپوزیشن کو حکومت کے خاتمے کی جلدی ہے،عمران

کوالالمپور .. وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کسی کو این آر او دیں گے نہ چارٹر آف ڈیموکریسی کے نام پر مک مکا کی اجازت دیں گے ۔ اپوزیشن کو حکومت کے خاتمے کی جلدی ہے ۔ ا نہیں ڈر ہے جتنی دیر عمران خان حکومت میں ہو گا ان کے لئے خطرے کی گھنٹی بجتی رہے گی ۔ہرسال پاکستان میں10ارب ڈالرکی منی لانڈرنگ کی جاتی ہے ۔حکومتی اقدامات کی بدولت منی لانڈرنگ کوانتہائی مشکل بنا دیں گے ۔ حکومت برآمدات میں اضافہ ،سرمایہ کاری کے فروغ، ترسیلات زر کے عمل کو قانونی اورباضابطہ بنانے اورمنی لانڈرنگ کے خاتمے کے4نکاتی پروگرام کے ذریعے معیشت کو بہتر بنانے کی پالیسی پرگامزن ہے ۔پاکستان میں جتنا پیسہ آنے والا ہے اس کے نتیجے میں کبھی قرضوں اور امداد کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ ہم خود غریب ممالک کو قرضے اور امداد دیں گے ۔ اگلے ہفتے حکومت کی جانب سے غربت کے خاتمے کیلئے بڑے پروگرام کا اعلان کیا جائے گا ۔ سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری اور تجارت میں آسانیاں فراہم کرنے کیلئے وزیراعظم آفس میں ایک دفتر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افراد، اداروں اور قوموں کی زندگی میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے ۔ اونچ نیچ اس لئے آتی ہے کیونکہ اللہ کی طرف سے یہ ایک پیغام ہوتا ہے کہ آپ غلطی کر رہے ہو اسے ٹھیک کر دو، جو قو میں اپنی غلطیاں ٹھیک نہیں کرتیں اللہ انہیں برباد کر دیتا ہے جو قوم اپنی غلطیوں سے سیکھ کر اصلاح کے راستے پر چلتی ہے وہ مضبوط ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کی یہ خوش قسمتی رہی ہے کہ اسے مہاتیر محمد جیسا رہنما ملا جس نے اپنی ذات کی بجائے اپنی قوم کا سوچا ۔انہوں نے نہ کوئی فیکٹری لگائی اور نہ منی لانڈرنگ کی۔ مہاتیر محمد نے ثابت کیا کہ گورننس ٹھیک کرنے سے معاملات کیسے بہتر ہوتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے ۔ پاکستان میں جتنا استعداد ہے دنیا کے کسی ملک میں اتنا نہیں ہے۔ ملائیشیا کے لیڈر نے کم وقت اور کم وسائل کے ساتھ اپنی قوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گا مزن کیا۔ ایک وقت تھا کہ پاکستان کی صنعتی پیداوار ایشیا کے4 ممالک سے زیادہ تھی ۔ آج صورتحال یہ ہے کہ 21 کروڑ آبادی کا پاکستان24 ارب ڈالر کی برآمدات کر رہا ہے ۔ 3 کروڑ کی آبادی کا حامل ملک ملائیشیا کا برآمدی بل 220 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومیں جب اللہ کے اصولوں کی پیروی نہیں کرتیں تو ان کی تقدیر میں بربادی لکھی ہوتی ہے ۔ قومیں جب محنت کرتی ہیں اور اللہ کے اصولوں کے مطابق چلتی ہیں تو کامیابی کی منزل حاصل کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند دن قبل ایک تصویر دیکھی جس میں ایک مزدور اپنے بچوں کے ساتھ سڑک کنارے سویا ہوا تھا اگر اس طرح کی تصویر یورپ میں جانور کی آتی تو اس پر شور اٹھ جاتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات کی بہتری موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ چھتوں سے محروم لوگوں کو چھت، کھانا اور دیگر سہو لتیں فراہم کی جائیں گی اس سلسلے میں کام کا آغاز ہو چکا ہے ۔

شیئر: