چہرہ خراب کرنے والی عادات سے گریز کریں
ہر شخص خوبصورت نظر آنا چاہتا ہے . لیکن صرف ڈھیر سارا میک اپ کرلینے سے انسان خوبصورت نہیں ہو جاتا بلکہ صاف شفاف جلداور تروتازہ چہرہ ہی صحیح معنوں میں خوبصورتی کی عکاسی کرتے ہیں . آپکی جلد مناسب توجہ اور محنت مانگتی ہےجبکہ سستی اور لاپرواہی جلد کو نقصان پہنچانے کا سبب بنتے ہیں . میک اپ اتارے بغیر سو جانا ، دھوپ میں نکلتے وقت سن بلاک استعمال نہ کرنا ، غیر معیاری یااپنی رنگت کی مطابقت سے فاؤنڈیشن استعمال نہ کرنا ، پرانے اور ایکسپائرڈ مسکارے کا استعمال ، ضرورت سے زیادہ بھنویں تراشنا ، چہرے پر بلیچ کرنا ،گندے برشز کا استعمال اور کیل مہاسوں کو بار بار چھونا وہ غلطیاں ہیں جو جلد کو خراب کرنے کا باعث بنتی ہیں . کسی بھی تقریب کےبعد آپ کتنا ہی تھکی ہوئی ہوں اور میک اپ کتنا ہی معیاری کیوں نہ ہو میک اپ اتار کر سونے کی عادت اپنائیں . جلد کو سورج کی شعاؤں ، دھول مٹی اور سرد گرم موسم سے بچانے کے لیے سن بلاک لازمی استعمال کریں . یہ نہ صرف چہرے کی حفاظت کرتا ہے بلکہ اس سے رنگت بھی نکھرنے لگتی ہے . بھنویں تراشنا فیشن کا ایک اہم حصہ سمجھا جاتا ہے لیکن کچھ خواتین بھنویں گہری نہ ہونے کے باوجود بھی انہیں تراشتی رہتی ہیں جس سے انکی شیپ بالکل خراب ہو جاتی ہے اور بالوں کی جگہ ایک ہلکی سی لائن رہ جاتی ہے . لہذا اگر بھنویں زیادہ گہری نہ ہوں تو انہیں تراشنے سے گریز کریں . میک اپ کے لیے استعمال ہونے والے تمام برشز کی صفائی کا خیال رکھیں . اور ایک معینہ مدت کے بعد انہیں تبدیل کرلیں . چہرے کی مناسب صفائی کا خیال رکھیں اور بلا سوچے سمجھے غیر مناسب ٹوٹکے اپنانےسے باز رہیں .