دہشت گرد حملے میں جاں بحق باپ، بیٹا سپرد خاک
کوئٹہ... کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے میں دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے باپ اور بیٹے کو سپردِ خاک کردیا گیا۔ نیاز محمد اور ان کے صاحبزادے ظاہر شاہ کا تعلق کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد سے ہے جو کاروبار کی غرض سے چینی ویزا کے حصول کے سلسلے میں قو نصلیٹ میں موجود تھے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔ نیاز محمد کے چھوٹے بھائی حبیب الرحمن نے بتایا کہ ان کے گھر میں صفِ ماتم بچھی ہوئی ہے ۔انہوں نے مرحوم باپ بیٹے کے بارے میں بتایا کہ وہ لوگ گزشتہ ایک دہائی سے کپڑوں کی تجارت کا کام کر رہے تھے، اسی سلسلے میں چین کا سفر کیا کرتے تھے۔دونوں باپ بیٹے کی نمازِ جنازہ کوئٹہ میں ادا کی گئی۔مقتول کے بھائی حبیب الرحمن نے حکومت کو عدم تعاون پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومتِ سندھ نے ان کے بھائی اور بھتیجے کی میت کراچی سے کوئٹہ منتقل کرنے کے لئے ایمبولنس تک فراہم نہیں کی اپنے پیاروں کے جسدِ خاکی کو اپنی مدد آپ کے تحت کوئٹہ منتقل کیا۔ نما ز جنازہ میں کوئی بھی رکن اسمبلی یا صوبائی حکومت کا افسر شریک نہیں ہوا۔