دہرادون:اسکول انتظامیہ نے ہاف میراتھن میں کتوں کا خوف دلاکر بچوں کو دوڑایا
دہرادون۔۔۔دون انٹر نیشنل اسکول کے پوندھا میں قائم ریور سائڈ کیمپس کی جانب سے ہاف میراتھن کا انعقاد کیا گیا ۔اسکول کی ہاف میراتھن دوڑ میں شریک بچے جب راستے میں تھک کر بیٹھ گئے تو اسکول انتظامیہ نے میراتھن مکمل کرانے کیلئے ان کے پیچھے جرمن شیپرڈ کتے چھوڑنے کی کوشش کی تاکہ بچے میراتھن مکمل کرسکیں۔والدین نے الزام لگایا کہ بچوں کے ساتھ مارپیٹ اورنازیبا رویہ اختیار کیا گیا۔ سرپرستوں کی شکایت پر مرکز بہبود اطفال اور پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔مرکز بہبود اطفال کی رکن سیماڈورا نے کہا کہ والدین کی جانب سے شکایت درج کرائی گئی کہ بچوں کے پیچھے کتے چھوڑے گئے تھے، اس کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ اسکول کے ڈائریکٹر ایچ ایس مان کا کہنا ہے کہ ہاف میراتھن میں بعض بچے شرارت کررہے تھے جنہیں انتظامیہ نے سمجھانے کی کوشش کی تاہم وہ باز نہیں آئے تو انہوں نے بچوں کی سرزنش کی جس پر والدین معاملے کو طول دے رہے ہیں۔