Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

100 روزہ کارکردگی مایوس کن ہے، مریم اورنگزیب

اسلا م آباد... مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت کی 100روزہ کارکردگی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مایوس کن اور100جھوٹ کی داستان قرار دیا ہے۔100 دن میں عوام پر جو قیامت گزری وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔ حکومت نے عوام پر مہنگائی بم گرا کر منہ سے نوالہ چھینا ۔ وزیراعظم قرض لینے کے سوا کوئی معاشی پالیسی نہ دے سکے ۔اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے مسلم لیگ ن کے منصوبے اپنے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ100 روز کا تہلکہ خیز اور تاریخ کا سب سے بڑا یوٹرن ہوگا۔ عوام پر جو قیامت گزری وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔ 100دن میں بولا گیا پر لفظ جھوٹ اور ہر وعدہ تکمیل سے کوسوں دور ہے۔ تحریک انصاف کی گالم گلوچ، جھوٹ اور تماشوں کی کارکردگی برقرار رہی۔ 100 تاریخی جھوٹ اور یوٹرن کی نئی قسط سامنے آنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 100روز میں تو صرف علیم خان کی منی لانڈرنگ اور چوری ہی پکڑی گئی یا پھر وزیراعظم کا بنی گالہ میں سرکاری زمین پر قبضہ برقرار رہا ہے۔ عمران خان یاد رکھیں قوم سب جانتی ہے، لوگوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کیلئے مہنگائی کا بم گرایا گیا۔ وزیراعظم عمران خان100دنوں میں قرض لینے کے سوا کوئی معاشی پالیسی نہ دے سکے۔ اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے مسلم لیگ ن کے منصوبے اپنے کھاتے میں ڈال کر کریڈٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ55روپے فی کلو میٹر ہیلی کاپٹر کی سواری ایجاد ہوئی۔ اب اشتہارات کے ذریعے100روزہ کارکردگی کا تماشہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

شیئر: